تعزیتِ پرحسرت بروفات مولاناعاقل صاحب رحمہ اللہ
مهتم و شیخ الحدیث: جامعہ مظاہرالعلوم سہارنپور ، انڈیا
ابھی ابھی ۲۸/ ۴/ ۲۰۲۵ عصر کے قریب قریب وقت میں یہ رنج کن خبر ملی کہ جامعہ مظاہرالعلوم سہارنپور کے شیخ الحدیث بقیۃ السلف حضرت شیخ الحدیث مولانا محمدزکریا مہاجرمدنی کے شاگرد رشید اور داماد حضرت مولا عاقل صاحب محبوبِ حقیقی سے جاملے۔
إنا لله وإنا إليه راجعون۔ إن لله ما أخذ، ولـه مـا أعطى، وكل شيء عنده بأجل مسمى، فلتصبر ولتحتسب۔
جوں جوں قیامت قریب آتی جا رہی ہے ، اہل اللہ اللہ سے مل رہے ہیں، چراغ ہدایت سے انسانیت کو محروم کر رہے ہیں ، شاعر نے خوب فر مایا :
بلبلیں گئے گئے، مجھے ڈر ہے چمن جانے کا ۔
مرحوم موصوف نے حضرت شیخ الحدیث مولانا محمدزکریا مہاجرمدنیؒ کے علم ومعرفت اور صحبتِ جاں پرور سے خوب استفادہ کیا اور ان کی نظر کیمیا اثرسے خوب خوب مستفید و مستفیض ہوئے چنانچہ اُسی دربار گہربار سے خلعت خلافت واجازت سے سرفرازہوئے۔
حضرت شیخ الحدیث مولانا محمدزکریاؒ مہاجرمدنی ؒکے علمی وتصنیفی کاموں میں معاون بھی رہے اوراس طرح خدمت کاخوب موقع ملا،آپ کی تربیت بھی ہوتی رہی،اپنے اندرون کو صیقل بھی کرتے رہے چنانچہ آپ کی شرافت نفسی اورسعادت نسبی کا اثر آپ میں بدرجۂ اتم محسوس کیاجاتا تھا۔
الحل المفہم کاحاشیہ،الکوکب الدری کامقدمہ، الفیض السمائی کاحاشیہ، نیز ملفوظات حضرت شیخ وغیرہ آپ کی قلمی وعلمی یادگارہیں، لیکن علمی دنیامیں آپ کی بے نظیرعالمانہ تالیف ’’الدرالمنضود‘‘ جو ابوداؤد شریف کی شرح ہے انتہائی مقبولیت سے نوازی گئی۔
ہم اہلِ جامعہ اسلامیہ پٹیہ، چاٹگام، بنگلہ دیش غم کی اِس گھڑی میں مرحوم کے خاندان اور تما م متعلقین سے تعزیت کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت حضرت والا قدس سرہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور آپ حضرات اور تمام اہلِ تعلق کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
آسماں تیری لحَد پر شبنم افشانی کرے
سبزۂ نَورُستہ اس گھر کی نگہبانی کرے۔
وصلى الله تعالى على خيرخلق، وآله وصحبه أجمعين!
مفتی محمد ابوطاہر قاسمی ندوی
مہتمم : جامعہ اسلامیہ پٹیہ ، چاٹگام، بنگلہ دیش